بھارتی اداکارہ و گلوکارہ پرینیتی چوپڑا گانا گانے پر سوشل میڈیا پر ٹرول ہوگئیں۔
بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اداکاری کے ساتھ گلوکاری بھی کرتی نظر آتی ہیں، حال ہی میں ڈائریکٹر امتیاز علی کی آنیوالی فلم امر سنگھ چمکیلا کی تعارفی تقریب میں انہوں نے گلوکار دلجیت دوسانج کے ساتھ گانے پر پرفارم کیا تو اس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑگیا۔
پرینیتی چوپڑا نے اسٹیج پر اپنی مادری زبان پنجابی میں دلجیت کے ساتھ مل کر ایک گانا گایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
پرینیتی چوپڑا کے گانے پر مداحوں نے تو خوب انجوائے کیا تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں صارفین کی جانب سے بھرپور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
گانے کی ویڈیو پر ایک صارف نے لکھا کہ آپ کے اندر بہت اچھا ٹیلنٹ چھپا ہوا ہے ، مگر اسے چھپا کر ہی رکھیے، اس کے ساتھ ہی صارف نے ایک مزاحیہ قسم کا ایموجی بھی شیئر کیا۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج گانے کی ضد نہ کرو‘ ساتھ ہی اس نے رونے اور ہنسنے والا ایموجی بھی شیئر کیا۔ جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف نے تو حد ہی کردی اور پرینیتی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ صبح اٹھانے کیلئے بہترین الارم رہے گا۔‘ اس کے ساتھ ہی ایک اور صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ اسے روک دو۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے تبصروں کا سسلہ اب بھی جاری ہے ایک صارف نے ان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ گاتی تو سچ میں اچھا ہیں مگر سچ پوچھیں تو آج اچھا نہیں گایا۔ جبکہ ایک صارف نے ان کے گانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اچھا گا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ پرینیتی نے اپنے پلے بیک گلوکاری کا سفر اکشے رائے کی رومانٹیک فلم ’مانا کہ ہم یار نہیں‘ 2017 سے شروع کیا تھا، انہوں نے کلاسیکل گلوکاری کی تربیت حاصل کی ہے اور مستقبل میں معروف پنجابی گلوکار امر سنگھ چمکیلا کی گرل فرینڈ امرجوٹ کور کے طور پر کچھ پنجابی نمبرز کرتی نظر آئیں گی۔
امر سنگھ چمکیلا غربت کے سائے سے نکل کر 1980 کی دہائی میں مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے، لوگ انہیں پنجاب کے ایلوس کے نام سے بھی پکارتے تھے، انہیں 27 سال کی عمر میں ہی قتل کردیا گیا تھا، انہیں اب بھی پنجاب کے بہترین لائیو اسٹیج پرفامرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
اس فلم کو موہت چوہدری نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی موسیقی سارے گاما پر دستیاب ہے۔
امر سنگھ چمکیلا کا پریمیئر 12 اپریل کو نیٹ فلکس پر ہوگا۔