فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل بیلا حدید نے اسرائیلی وزیر کے فلسطین کے وجود سے انکار پر انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے والد کا پاسپورٹ چیک کرنے کی پیشکش کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے بیلا حدید نے اسرائیلی وزیر کو فلسطین مخالف بیان دینے پر کرارا جواب دے دیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اورط اسٹروک کی اس وقت سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ دوران تقریر یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ فلسطینی لوگوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو کو بیلا حدید نے اپنی انسٹااسٹوری میں ری شیئر کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور لکھا کہ آپ میرے والد سمیت ان لاکھوں فلسطینوں کا پاسپورٹ چیک کرسکتی ہیں جن کے خون اور دل فلسطینی وراثت سے سرشار ہیں، جنہیں ان کی سرزمین سے بےگھر اور شہید کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ فلسطین کی وہ زمین پر جس پر فلسطینی نسل در نسل آباد ہیں، ان سے وہ چھین لی گئی ہے، خاندان کے خاندان تباہ ہوگئے ہیں زندگیاں لوٹ لی گئی ہیں۔ صرف ان لوگوں کے ہاتھوں جو ایک صبح اُٹھے اور فیصلہ کرلیا کہ یہ زمین ان کی ہے۔ ذرا غور کیجئے گا‘۔
واضح رہے کہ غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی جانب سے جاری جنگی جرائم کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار 782 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں سے 7 اکتوبر سے اب تک 75 ہزار 298 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔