ہندی اور ساؤتھ فلموں کے معروف اداکار پرکاش راج گو کہ ایک مڈل کلاس گھرانے میں پیدا ہوئے لیکن انہوں نے اپنی محنت سے خود کو ایک کامیاب اداکار اور سیاستداں منوایا۔
وہ اب تک مختلف نوع کی 400 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے ہیں، تاہم فلم سنگھم اور اس جیسی کئی ہٹ فلموں میں کام کرنے والے پرکاش کی ذاتی زندگی کے حوالے سے ذرا معاملہ الگ ہے۔
انکی پہلی شادی 1994 میں تامل اداکارہ للیتا کماری سے ہوئی اور ان کے تین بچے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا پیدا ہوئے۔ سب کچھ ٹھیک چل تھا کہ انکے خاندان کے ساتھ ایک سانحہ ہوا جس کے نتیجے میں انکی پہلی شادی ختم ہوگئی۔
دراصل انکا بیٹا سدھو مارچ 2004 میں پتنگ اڑاتے ہوئے گر گیا اور حادثے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسا، بیٹے کی موت کے بعد 2009 میں پرکاش راج کی اپنی اہلیہ سے راہیں جدا ہوگئیں۔
جس کے بعد پرکاش نے کوریوگرافر پونی ورما سے شادی کی، جن سے اب انکا ایک بیٹا ویدانت ہے۔
ایک انٹریو میں انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے اپنی بیٹیوں سے اپنی دوسری شادی پر بات کی، میں ان سے جھوٹ نہیں بولنا چاہتا تھا، حالانکہ میری پہلی بیوی الگ نہیں ہونا چاہتی تھی لیکن پھر بھی مجھے بیٹیوں کو اس کا جواز دینا پڑا۔
پرکاش نے اپنی دوسری شادی کی گیارہویں سالگرہ اگست 2021 میں منائی، اسکی وجہ یہ تھی کہ انکا بیٹا ویدانت والدین کی شادی کی سالگرہ کو دیکھنا چاہتا تھا۔