اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تھانہ مارگلہ میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے ایک اور کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی کو بری کر دیا۔
عدالت نے اسد عمر، راجہ خرم نواز کو بھی لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس سے بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بانیٔ پی ٹی آئی و دیگر کی درخواستِ بریت منظور کر لی۔
دورانِ سماعت وکلاء سردار مصروف اور آمنہ علی نے بانیٔ پی ٹی آئی و دیگر کی درخواستِ بریت پر دلائل دیے۔
عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کا وقوعہ بتایا گیا، کسی بھی گواہ کو شاملِ تفتیش نہیں کیا گیا، مدعیٔ مقدمہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مجاز نہیں، اسسٹنٹ سب انسپکٹر بطور مدعی مقدمہ درج کرنے کا بھی مجاز نہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی عدالت میں مہیا نہیں کی گئی، تفتیشی افسر نے کوئی ثبوت بانیٔ پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف پیش نہیں کیا۔
واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی و دیگر پر پبلک و سرکاری ملازمین کو اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔