بھارتی عدالت نے معروف سیلیبریٹی شیف کنال کپور کی اہلیہ ایکتا کپور سے طلاق کی درخواست منظور کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسٹر شیف انڈیا کے جج شیف کنال کپور نے اہلیہ کے خلاف فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
کنال کپور نے اپنی دائر کردہ درخواست میں اہلیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی میرے والدین (ساس و سسر) کا احترام نہیں کیا اور ان کی تذلیل کی۔
دوسری جانب ان کی اہلیہ ایکتا کپور نے کنال کپور کے عائد کردہ تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ شیف عدالت کو گمراہ کرکے طلاق لینا چاہتے ہیں اس لیے ان پر جھوٹے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
شیف کی اہلیہ نے مزید کہا کہ وہ اپنے شوہر سے ہمیشہ سے محبت کرتی ہیں اور ان کی وفادار ہیں۔
تاہم بھارتی فیملی کورٹ نے شیف کنال کپور کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جسے انہوں نے بعد ازاں ہائی کورٹ میں چیلنچ کیا تھا۔
اب دہلی ہائی کورٹ نے ماسٹر شیف انڈیا کے جج شیف کنال کپور کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اسے منظور کرلیا ہے۔
بھارتی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شیف کنال کپور کی اہلیہ کا ان کے اور ان کے والدین کے ساتھ غیر مناسب رویہ ہے، اگر ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے یا جیون ساتھی سے جڑے رشتوں کے لیے احترام نہ ہو تو ازدواجی زندگی کے حقیقی معنی ختم ہوجاتے ہیں اور ایسے میں جوڑے کا ایک ساتھ رہنا ممکن نہیں ہے۔
بھارتی عدالت نے اس فیصلے کی روشنی میں شیف کنال کپور کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں طلاق دے دی۔
واضح رہے کہ شیف کنال کپور نے سال 2008 میں ایکتا کپور نامی خاتون سے شادی کی تھی جبکہ 2012 میں اس جوڑے کے یہاں پیٹے کی پیدائش ہوئی۔