بشکیک سے 171 طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر افراد طلبہ کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایئر پورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کرغزستان سے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے شامل ہیں،واپسی کا انتظام صوبائی حکومت نے کیا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ طالب علموں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے واپس آنے والے 99 طلبہ کا تعلق کراچی سے ہے، حکومت سندھ بچوں کے والدین اور کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں تھی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کے علاوہ مزید 180 طالبعلم کرغزستان میں ہیں جن میں 6 زخمی ہیں، میں کوشش کر رہا ہوں کہ ان کے لیے خصوصی فلائٹ بھیجوں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ کرغزستان کا واقعہ ہوا مجھے چیئرمین بلاول بھٹو نے ہدایت دی کے بچوں کی واپسی کا بندوبست کریں۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا بتانا ہے کہ کرغزستان سے واپس آنے والوں میں حیدرآباد کے 22، خیرپور کے 13، نوشہرو فیروز کے 15، سکھر کے 12، نواب شاہ کے 12، بدین کے 5، دادو کے 5 طلبہ شامل ہیں ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بشکیک سے واپس آنے والوں میں میرپورخاص کے 5، جیکب آباد5 ، ٹنڈو آدم 3، جامشورو، کندھکوٹ، پنو عاقل، تھرپارکر کا ایک ایک، کشمور کے 2 طلبہ شامل ہیں۔
بشکیک سے پی آئی اے کی لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کے لیے بھی خصوصی پروازیں آپریٹ کریں گی۔
واضح رہے کہ بشکیک سے کئی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔