حکومت نے شہریت کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف رکھنے اور اسے فول پروف بنانے کےلیے نیشنل رجسٹریشن پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ اور شہریت کا مستند ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نیشنل رجسٹریشن پالیسی پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے بھی حاصل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی یونین کونسلز تک رسائی اس سلسلے میں انتہائی ضروری ہے، پالیسی سے شہریت کے انداراج کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئی پالیسی سے شہریت کے غیر قانونی اندراج کو بھی روکا جا سکے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں چھ بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔
کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کو پلان میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس پلان کو حتمی شکل دے کر اگلے چند روز میں اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔