ہیٹ اسٹروک باعث اسپتال منتقل ہونے والے اداکار شاہ رخ خان کی طبیعت سے متعلق منیجر نے بیان جاری کردیا۔
شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے میچ کے سلسلے میں 21 اور 22 مئی کےلیے احمد آباد میں تھے۔
21 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا میچ دیکھا، اس موقع پر ان کے ساتھ صاحبزادی سہانا خان اور بیٹا ابرام بھی انکے ساتھ موجود تھے۔
اس میچ کے دوران شاہ رخ خان کی طبیعت خراب ہوگئی، سُپر اسٹار کو ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا۔
اب اطلاعات یہ ہیں کہ شاہ رخ کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور انکی طبیعت سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ وہ بھی ٹھیک ہوگئی۔
البتہ خود شاہ رخ کی جانب سے بیان سامنے نہ آنے پر مداح ابھی بھی پریشانی میں مبتلا تھے۔
تاہم ایسے میں اب شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی نے فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر شاہ رخ کی طبیعت سے متعلق مداحوں کےلیے بیان جاری کیا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ شاہ رخ خان کی طبیعت اب بالکل بہتر ہے۔
ساتھ میں انہوں نے شاہ رخ خان کی طبیعت بہتری کےلیے دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کے پیغامات دینے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز (بدھ کو) درجۂ حرارت 45.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔