گھوٹکی میں حملے میں زخمی صحافی نصر اللّٰہ گڈانی دورانِ علاج کراچی میں انتقال کر گئے۔
کراچی کے نجی اسپتال کے ذرائع نے صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نصر اللّٰہ گڈانی کو 2 روز قبل کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم صحافی نصراللّٰہ گڈانی کی نمازِ جنازہ اور تدفین آج بعد نمازِ مغرب مرحوم کے آبائی علاقے میرپور ماتھیلو میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ صحافی نصراللّٰہ گڈانی کو 3 روز قبل میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں 3 گولیاں لگی تھیں۔
واقعے کا مقدمہ اب تک درج نہیں ہو سکا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔
زخمی صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کو پہلے علاج کے لیے رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا، بعد میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا دکھ کا اظہار
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میرپور ماتھیلو کے صحافی نصراللّٰہ گڈانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ حکومتِ سندھ نے نصر اللّٰہ گڈانی کی زندگی بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے لیکن اللّٰہ پاک کو یہی منظور تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نصر اللّٰہ گڈانی کو ایئر ایمبولنس سے رحیم یار خان سے کراچی لائے لیکن وہ ری کور نہیں کر سکے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نصر اللّٰہ گڈانی کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ اور ادارے کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
گورنر سندھ کا اظہارِ افسوس
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کا یہ بھی کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں نصر اللّٰہ گڈانی کے لواحقین کے ساتھ ہوں۔
شرجیل میمن کا اظہارِ تعزیت
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کےانتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں ان کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومتِ سندھ نصر اللّٰہ گڈانی کے لواحقین اور صحافی برادری کے ساتھ ہے۔
شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتِ سندھ مرحوم صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کے لواحقین کی ہر ممکن امداد کرے گی۔