حافظ آباد کے ایک گھر میں گیس لیکیج سے دھماکے میں 1 بچہ جاں بحق جبکہ 2 بچے جھلس کر شدید زخمی ہو گئے، بچوں کے والدین پنڈی بھٹیاں گئے ہوئے تھے۔
حافظ آباد کے علاقے کوٹ سرور کے رہائشی شاہد اور اس کی بیوی پنڈی بھٹیاں گئے ہوئے تھے۔
گھر میں موجود بچوں سے گیس کھلی رہ گئی جو گھر میں بھر جانے پر آگ جلانے سے دھماکا ہو گیا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے سے گھر کے دروازے ٹوٹ گئے۔
متاثرہ بچوں کی عمر 5 سے 8 سال ہے ، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی بچوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔
ڈاکٹروں نے ٹی ایچ کیو اسپتال سے زخمی بچوں کو تشویش ناک حالت کے پیشِ نظر الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا ہے۔