فلم سمبا میں رنویر سنگھ کے مقابل جھانوی کپور کی جگہ سارہ علی خان کو کاسٹ کیا گیا؟ اس معاملے میں اداکارہ نے بالآخر خاموشی توڑ دی۔
جھانوی کپور جنہوں نے 2018ء میں فلم دھڑک سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، وہ اب بالی ووڈ کا ایک باصلاحیت چہرہ بن کر ابھری ہیں۔
اداکارہ ان دنوں اپنی فلم مسٹر اینڈ مسز ماہی کی پروموشن میں مصروف ہیں جو صرف ایک ہفتے بعد یعنی 31 مئی کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔
انہوں نے حالیہ انٹرویو میں 2018ء ہی میں ریلیز ہونے والی روہت شیٹی کی فلم سمبا میں ان کو کاسٹ کیے جانے اور پھر سارہ علی خان کو مرکزی کردار ملنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
جھانوی کپور سے ان تمام خبروں سے متعلق سوال کیا گیا کہ آپ کو روہت شیٹی نے فلم سمبا میں رنویر سنگھ کے مقابل کاسٹ کیا تھا لیکن پھر سارہ علی خان کو وہ کردار مل گیا کیونکہ آپ نے اپنی فلم میں کاسٹنگ سے متعلق رازداری کا پاس نہیں رکھا تھا۔
اداکارہ نے پہلے تو اس خبر کی تردید کی اور کہا کہ فلم ریلیز ہوچکی، اس میں دوسری اداکارہ نے کام بھی کیا، میرے خیال سے اب اس پر گفتگو مناسب نہیں۔
جھانوی کپور نے مزید کہا کہ اگر فلم کا اعلان ہوگیا اور اس کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے تو بھی میں اس پر بات نہیں کروں گی، دراصل میں توہم پرست ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے کسی نے فلم کی شوٹنگ کرتے دیکھ بھی لیا جائے تو میں کہہ دیتی ہوں کونسی فلم؟ مجھے بری نظر کی فکر لاحق ہوتی ہے، اس لیے میں کسی سے نہیں بولوں گی۔