چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج کا دن گواہی دے رہا ہے کہ ایم کیو ایم اور مہاجر اپنے حصے سے زیادہ والی قربانی دے چکے۔
پکا قلعہ گراؤنڈ حیدر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو موقع ملا تو اس نے پاکستان کو تقسیم کرنے کے فیصلے پر مہر لگائی۔ جن کی وجہ سے پاکستان بنا ان کو زبردستی دیہی علاقوں سے ہجرت کروائی گئی۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا ہم اپنے حصے سے زیادہ کی قربانی دے چکے، اب باری کسی اور کی ہے۔ ہم اپنے حصے کے سندھ کو جوڑ کر رکھنے کا، بھائی چارہ قائم کرنے کا کام کرچکے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کے مطابق سندھ کے اندر غلط فہمی دور کرنے کا سارا کام کر چکے۔
انہوں نے کہا کہ بھکاری ہم بھی نہیں۔ 15 سالوں میں جس طرح نفرتیں بانٹی گئیں، ہمارے پاس بھی کوئی گلاب نہیں۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بجٹ کا تو 97 فیصد کراچی دیتا ہے، ایک طرف وہ ہیں جو سندھ کے بجٹ کا 100 فیصد دیتے ہیں اور ایک طرف وہ ہیں جو استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح تو گھر نہیں چلتے، ملک کیسے چلے گا؟ 27 دسمبر 2007 کو محترمہ کی شہادت پر نشانہ کراچی اور حیدر آباد کو بنایا گیا۔ ہم 75 سال سے اس ملک کے استحکام کے لیے قربانیاں دیتے آئے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا پاکستان میرے اجداد کی امانت ہے، یہ ذمہ داری ہم اٹھاتے رہیں گے۔