حال ہی میں پیٹ کی بیماری سے صحتیاب ہونے والی بھارتی اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے جگر کے ٹیسٹ کی رپورٹ دیکھ کر ڈاکٹرز بھی چونک گئے تھے۔
جھانوی کپور 18 جولائی کو بدہضمی کے باعث پیٹ خراب ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔ مکمل صحتیابی کے بعد انہیں چند روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
بیماری سے صحتیاب ہوکر جھانوی نے ایک تازہ انٹرویو کے دوران اپنی صحت کے بارے میں معلومات شیئر کیں اور بتایا کہ وہ زندگی میں پہلی مرتبہ اتنا بیمار پڑیں کہ اسپتال میں داخل کروانا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے ڈائیجیسٹیو امیونیٹی ڈس آرڈر کا سامنا تھا۔
جھانوی کا کہنا تھا کہ بیماری کے باعث وہ انتہائی کمزور ہوگئیں، حتیٰ کہ وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھیں۔
بیمار ہونے کی وجہ جھانوی نے اپنے مسلسل کام کرنے کو بتایا اور کہا کہ وہ شدید تھکاوٹ کا شکار تھیں، وہ اپنی فلم ’مسٹر اینڈ مسز ماہی‘ کی تشہیر کے آغاز سے قبل ہی مسلسل کام کر رہی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک ماہ کے دوران تین گانوں کی شوٹنگ بغیر وقفہ کی اور چوتھے گانے کی ریہرسل کی جارہی تھی۔ اس دوران وہ سفر بھی کر رہی تھیں جبکہ تقریبات میں بھی شرکت کر رہی تھیں۔
جھانوی نے بتایا کہ ’’چنئی ایئرپورٹ پر کچھ ’عجیب‘ کھا لیا تھا، ابتداء میں میں نے سوچا کہ یہ پیٹ کا ایک معمولی مسئلہ ہے، لیکن یہ ایسا نہیں تھا کیونکہ جب ڈاکٹرز نے ٹیسٹ کیے تو میرے خون کے تمام پیرامیٹرز بکھرے ہوئے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ میرے پیٹ کا مسئلہ حل ہوگیا، تب بھی مجھے جسم میں درد، کمزوری، کپکپاہٹ وغیرہ کے مسائل تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انکے جگر کے ٹیسٹ نے بھی ڈاکٹروں کو خوفزدہ کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ ’میرے جگر کے انزائمز اور جگر کا پروفائل بہت خراب تھا، جسے دیکھ کر ڈاکٹرز بھی چونک گئے تھے۔‘
جھانوی کپور نے کہا کہ ’تین چار دنوں تک میں اسپتال میں تھی اور ڈاکٹرز جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ میرے ساتھ کیا غلط ہے اور میرے پیرامیٹرز کیوں خراب ہو رہے ہیں۔‘