سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔ پی ٹی آئی مقبول ترین سیاسی پارٹی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 70 فیصد پاکستانی کہتے ہیں پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔
محمد زبیر نے کہا کہ پابندی سے ملک آگے نہیں بڑھے گا، پہلے لگی پابندیوں سے ملک پیچھے ہٹا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اقلیت میں رہنے والی جماعتیں اکثریت والی پارٹی پر پابندی لگانا چاہتی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ 1958، 1969، 1977 اور 1999 میں آئین کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔ محمد زبیر نے استفسار کیا کہ کیا آرٹیکل 6 صرف سیاسی جماعتوں یا سیاستدانوں کیلئے ہے؟، جب تک آئین کو ردی میں نہیں پھینکاجاتا کسی پر آرٹیکل 6 نہیں لگنا چاہیے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگی تو غلط ہوا تھا۔ مریم نواز کو غلط گرفتار کیا گیا تھا تو اسے جواز بنا کر آج غلط کو درست نہیں کیا جاسکتا۔
محمد زبیر نے کہا نو مئی کے واقعے کو سوا سال گزر چکا، ن لیگ نے اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ یہ کون سا طریقہ ہے کہ 2014 میں میرے ساتھ زیادتی ہوئی تھی تو ہٹ دھرمی سے حکومت کروں گا۔