وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے، معاملہ آج وفاقی کابینہ میں آنا ہی نہیں تھا نا ہی اسے مؤخر کیا گیا۔
ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ خارج از امکان نہیں کہ مستقبل قریب میں پی ٹی آئی پر پابندی لگا دی جائے، پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے ثبوت اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کابینہ میں وہ چیز آتی ہے جس پر مشاورت حتمی ہوگئی ہو، ہم قانونی طور پر چاہتے ہیں مکمل تیاری ہو جائے، اتحادیوں اور قانونی ماہرین سے مشاورت ہو رہی ہے، اصولی فیصلہ ہو جائے تو اعلان کرنے میں حرج نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا اس بارے میں ہم سے مکمل اتفاق ہے، صدر آصف زرداری کا بڑا حوصلہ افزاء رد عمل ہے، ڈیڈ لاک نہیں ہے، جب بھی ہماری بات ہوئی صدر نے مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے، پیپلز پارٹی کی لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت جاری ہے، ساتھ بیٹھے بھی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اصولی فیصلہ ہوجائے تو اعلان کرنا ضروری ہے، اعلان کے بعد حتمی فیصلے کی طرف کے معاملات مکمل کیے جا رہے ہیں، دونوں قانونی ٹیمیں بات کر رہی ہیں، تیاری مکمل ہوجائے گی تو سامنے رکھ دیں گے۔