کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام نے بتایا کہ گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزر رہی تھی جس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔فائرنگ کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بس سمیت 4 گاڑیوں کو آگ لگا دی .جس کے باعث پٹیل پاڑا سے ناظم آباد جانے والے روڈ پر ٹریفک جام ہے۔پولیس نے بتایا کہ ریلی رضویہ سے گزر رہی تھی کچھ افراد نے پتھراؤ کیا، ریلی پر پتھراؤ کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی۔پولیس سرجن نے بتایا کہ گولیمار اور اطراف سے 8 زخمی افراد کو سول اسپتال لایا گیا۔ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گولیمار میں 2 مذہبی گروپوں میں تصادم ہوا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس معاملےکو کنٹرول کر رہی ہے۔ادھر، صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ضیا لنجار نے ہدایت کی کہ پولیس فوری امن و امان کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے۔وزیر داخلہ نے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے.کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔