سیالکوٹ(ایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 22اگست کا جلسہ منسوخ کرنے میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی عمل دخل نہیں ہے‘سارا ڈرامہ علی امین گنڈا پور کا رچایا ہوا ہے‘تحریک انصاف نے ناکامی کو دیکھتے ہوئے جلسہ منسوخ کیا‘جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے‘پی ٹی آئی نےجلسہ منسوخ کرنے کی پیش کش کی تھی، اسی لیے صبح سات بجے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی سہولت کاری کی گئی‘اعظم سواتی کافی عرصے سے غائب تھا اور جعلی نمائندہ اسٹیبلشمنٹ بن کر صبح 7 بجے جیل پہنچ گیا‘جلد یا بدیر اعظم سواتی اور عمران خان کی گفتگو سامنے آجائے گی‘جلسہ منسوخی کے بعد عمران خان کی اہلیہ،ان کی بہن علیمہ خاں اور روف حسن کی جو گفتگو منظر عام پر آئی ہے اس نے پی ٹی آئی کے عزائم، پروگرام اور ان کی پاکستان کے ساتھ وابستگی اور خلوص پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکوسیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔