مسلم لیگ ق کی جانب سے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
مسلم لیگ ق کے ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار و تعزیت کی ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی سرگرمیاں قابلِ تشویش ہیں۔
مسلم لیگ ق کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان، کچہ کے علاقے میں دہشت گرد گروہوں کو کچلنا ضروری ہے، پولیس اور نہتے لوگوں پر وار کرنے والے کسی رحم کے مستحق نہیں، شہید لوگ سندھی، پنجابی، بلوچی یا پٹھان نہیں بلکہ پاکستانی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے تمام جماعتوں، اداروں کو ایک پیج پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں دیرپا امن کے لیے چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں بننے والی پالیمانی کمیٹی کی سفارشات پرعمل درآمد ضروری ہے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کے مسئلہ پر پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لیں، کچے کے ڈاکوؤں اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوری آپریشن ضروری ہے۔