گڈ گورننس کمیٹی کے ممبر قاضی محمد انور ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، انہیں ٹارچر کیا جا رہا ہے۔
قاضی محمد انور ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ جلسے کو بانیٔ پی ٹی آئی نے منسوخ کیا، ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ جلسہ کسی اور کے کہنے پر ملتوی کیا گیا ہے۔
قاضی محمد انور ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جلسہ منسوخی کا بانی سے سوال کیا تو جیل انتظامیہ نے سیاسی سوال کرنے سے روک دیا، گڈ گورننس کمیٹی بانیٔ پی ٹی آئی نے بنائی ہے، کمیٹی کا نام تبدیل کیا جائے گا اور اس کے لیے سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔
قاضی محمد انور ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا نام پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی ہو گا، کسی بھی وزیر یا افسر کے خلاف شکایات ہوں تو کمیٹی کو درج کرائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کی اپنی ویب سائٹ ہو گی جس پر شکایات درج کی جا سکیں گی، کمیٹی کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
قاضی محمد انور ایڈوکیٹ نے یہ بھی کہا کہ کمیٹی کو گندم اسکینڈل کی انویسٹی گیشن سے روکنے کی بات کی گئی ہے۔