پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی ہے۔
اداکار عمران عباس نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے۔
اپنے پیغام میں عمران عباس نے کہا کہ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے سرکاری مہمان کے طور پر مجھے عراق میں "اربعین” کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا۔
عمران عباس نے کہا کہ یہ دوسرا سال ہے جب انہیں اس عظیم الشان تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے 25 ملین زائرین کربلا، عراق میں جمع ہوئے تاکہ اسلام کی عظیم ترین قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکے۔