امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان اب مزید دہشت گردی کے واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
منعم ظفر نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بلوچستان میں افسوس ناک واقعے کی جماعتِ اسلامی شدید مذمت کرتی ہے، بے گناہ افراد کو بسوں سے اتار کر گولیاں ماری گئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی 2 روز قبل پر تشدد واقعات ہوئے، پاکستان ان واقعات کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، ایسے واقعات ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ کل ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی، تمام تاجر بجلی کے بڑھتے بل اور ٹیکسز پر کل اپنا کاروبار مکمل بند رکھیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ 40 خاندانوں نے ملک کے 25 کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، ہم نے عوامی حقوق کے لیے راولپنڈی میں بھی دھرنے دیے۔
منعم ظفر نے کہا کہ کے الیکٹرک کو سرکار 174 ارب روپے کی سبسڈی دیتی ہے اور کے الیکٹرک وافر و سستی بجلی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے بچوں کی اسٹیشنری پر بھی 15 فیصد تک کا بڑا ٹیکس لگایا اور اجناس سمیت کسی شعبے کو نہیں چھوڑا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ ملک کے جاگیردار صرف 6 ارب روپے ٹیکس دیں اور عوام 3 سو ارب سے زائد کا ٹیکس دے، یہ کہاں کی جمہوریت و انصاف ہے؟
اُنہوں نے کہا کہ اس ساری صورتِ حال کے پیشِ نظر ہم شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے جا رہے ہیں، ہم نے راولپنڈی میں دھرنا دیا، کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنا ہوا، جس کے بعد معاہدہ یہ ہوا تھا کہ آئی پی پیز کے غیر قانونی معاہدے ختم کیے جائیں گے، بجلی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، عام عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور ان معاہدوں کے تحت ہم نے دھرنا مؤخر کیا تھا۔
منعم ظفر نے بتایا کہ نیپرا میں کوئی موجود نہیں ہوتا جماعتِ اسلامی وہاں بھی کراچی کی آواز اٹھاتی ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ لاسز کے الیکٹرک نے کیے ہیں، عوام کی آواز کو سمجھیں، عوام بڑی مشکلات سے دوچار ہے۔
امیرِ جماعت اسلامیِ کراچی نے مزید کہا کہ کل شہر میں بارش کا نیا سسٹم آیا اور 50 ملی میٹر بارش ہوئی ہے اتنی سی برسات میں بھی یہ شہر ڈوب گیا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ شہر کی سڑکیں تباہ حال ہو گئی ہیں، کراچی کی گلیاں، سڑکیں پانی سے بھری ہوئی ہیں کوئی دیکھنے والا نہیں ہے۔