بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کے خلاف سراپا احتجاج طلباء نے وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے سینکڑوں مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ، لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی نے احتجاجی طلباء کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی جے پی نے ممتا بنرجی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ زیادتی اور قتل کا واقعہ دبانےکی کوشش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب بی جے پی کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ پر لگائے گئے اس الزام کو ریاستی حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ 9 اگست کو پیش آنے والے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اس واقعے کے بعد آر جی کار اسپتال کے پرنسپل کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ میڈیکل طلباء اور سول سوسائٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔