امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ فوج و عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، ہڑتال پر یک جہتی کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے بلوچستان واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جو واقعہ پیش آیا وہ قابلِ مذمت ہے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمے داری ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ دشمنوں کا ایجنڈا ہے کہ ملک کو کمزور کیا جائے، بلوچوں اور ان کی سیاسی لیڈرشپ سے بھی بات کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے شدید بحران نے تجارت، صنعت، عام فرد سب کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ حکومت تاجروں پر ظالمانہ ٹیکس لگا رہی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے یہ بھی کہا کہ تاجروں پر لگایا گیا ٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت کہتی ہے کہ ہڑتال سے کاروبار خراب ہو جائے گا تو وہ پہلے ہی خراب ہے، حکومت خود معیشت تباہ کر رہی ہے۔