گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بلوچستان سے غلاظت کو ختم کیا جائے گا، دہشت گردوں کو بیرونی اشارے اور فنڈز ملتے ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج بلوچستان میں شہید افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ہے، شہدا کے ایصال ثواب اور پاکستان کی سلامتی کےلیے دعا کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو صورتحال دیکھی ایسا ہی واقعہ پشاور میں اے پی ایس کا تھا، پوری قوم ایسے دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے آواز بلند کر رہی تھی۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج بھی پوری قوم ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، اب مطالبہ ہے کہ اس غلاظت کو بلوچستان سے ختم کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں چلے گا کہ گھیرا تنگ ہو تو مذاکرات کریں اور پیٹھ میں چھرا گھونپ دیں، ہم نے آپ کو پھول اور خون دے کر دیکھ لیا ہے۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ یہ دہشت گرد ہیں، جنہیں بیرونی اشارے اور فنڈز ملتے ہیں، ان سازشوں کے تانے بانے افغانستان میں ’را‘ کے سیٹ اپ سے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے اور آرمی چیف کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور انکا خاتمہ کیا جائے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ کاروائیاں افغانستان میں را کے سیٹ اپ کے ذریعے کی جاتی ہیں، ہم نے تمام کاوشیں کر کے دیکھ لیں یہ فسادی ہماری معیشت کے پیچھے پڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ را نہیں چاہتی پاکستان میں سی پیک کا منصوبہ کامیاب ہو، جیسے ہی ملک میں کوئی سرمایہ کاری ہوتی ہے یہ نفرتوں کے بیانیے کو فروغ دیتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ سعودی عرب، دبئی ایران ترکیے سے بہت بڑی سرمایہ کاری ملک میں آنے والی ہے، ایسے موقع پر یہ فسادی کارروائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناراض لوگوں سے بات ہوسکتی ہے، دہشت گردوں سے نہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ دہشت گرد را کے اسپانسرڈ ہیں، دشمنوں کا مقابلہ کریں گے اور دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ چہلم سے ایک روز قبل سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔