ایم کیو ایم حیدر آباد ڈسٹرکٹ کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے حیدرآباد میں غیر منتخب شخص کو ریلیف کےلیے نامزد کردیا۔
بارش کی صورتحال پر اراکین اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ حیدر آباد کے نمائندوں سے صورتحال پر مشاورت تک نہیں کی گئی۔
اراکین سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ، ناصر حسین قریشی اور انجینئر صابر قائمخانی نے بیان میں مزید کہا کہ نالوں کی صفائی نہ ہونے سے سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
اراکین اسمبلی نے کہا کہ آج حیدرآباد کے نشیبی، سٹی اور لطیف آباد کے مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ حیدرآباد کے پمپنگ اسٹیشنز پر صورتحال تسلی بخش نہیں۔
رکن سندھ اسمبلی صابر حسین قائم خانی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے باعث پینے کے پانی کا بحران ہے۔