اسلام آباد (وقائع نگار+نمائندہ سب تک) کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے کہا کہ انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔ 25 رکنی وفد کامن ویلتھ آبزرورز گروپ نے اسلام آباد این اے47 سمیت اسلام آبادکے مختلف پولنگ اسٹیشنزکادورہ کیا۔ وفد نے پولنگ کے عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے پولنگ عمل سے مطمین ہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل ہم الیکشن کرا رہے تھے، انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔ سربراہ کامن ویلتھ مبصر گروپ نے مزید کہا کہ ووٹنگ عمل میں انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں البتہ رزلٹ بھیجتے وقت انٹرنیٹ بندش سے مسئلہ ہوگا۔دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے ویڈیو پیغا م میں کہا کہ آج ووٹنگ کا عمل وقت پر شروع ہوا، دن بھر صورتحال تسلی بخش رہی، الیکشن کے انتظامات سے مطمئن ہوں۔ سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ چھوٹے موٹے مسائل کہیں نہ کہیں آتے رہے، ہماری ٹیم نے سارے مسائل کو حل کیا۔دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام پولنگ سٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے گے۔