سابق وفاقی وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر اُبھری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسحاق ڈار نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا نتیجہ پہلے ہی عوام کو معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر اُبھری ہے۔ الحمدللہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم ای سی پی کے سرکاری مکمل نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔