پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں اور ان کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، وفاق، پنجاب اور کے پی میں حکومت بنائیں گے۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار کسی پارٹی کو جوائن نہیں کریں گے، اسی پارٹی میں رہیں گے جس کی ہدایت انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہماری نشستیں 150 کے قریب ہیں، امید ہے کہ ہم حکومت سازی کو پہنچ جائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے انتخابات کے نتائج سامنے آرہے ہیں سیاست کے بڑے بڑے برج الٹ رہے ہیں۔تحریک انصاف پارلیمنٹ میں رہے گی اور اپنا رول ادا کرے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 10 بونیر سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان 1 لاکھ 10 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔اس حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے امید وار عبدالروف 30 ہزار 302 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقے این اے 10 بونیر میں کل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہے جبکہ اس حلقے سے ووٹنگ کا ٹرن آو¿ٹ 37.3 فیصد رہا۔خیال رہے کہ عام انتخابات 2024ءکے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 100 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ (ن) لیگ 72 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔ پشتونخوامیپ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کوپیشکش کی تھی کہ آزاد امیدوار ان کی جماعت میں ہو جائیں۔ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمد خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور دیگر آزاد امیدوار پشتونخوامیپ میں شامل ہو جائیں اور وزیر اعظم بن جائیں ہم تو ویسے ہی پارلیمان سے باہر ہیں شائد انہیں ہمارے چہرے پسند نہیں ہیں۔محمود خان اچکزئی عام انتخابات کے نتائج پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ دن میں ہم قومی اور صوبائی نشستیں جیت رہے تھے مگر رات میں ہار گئے ، ہم زندہ رہے تو ان کی بدمعاشی نہیں چلے گی، کچھ افسران نے امیدواروں سے کروڑوں روپے لئے ہیں۔