پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما گوہر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو جوائن کرنے کی تجویز زیر غور نہیں۔
سب تک نیوز کی خصوصی الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران گوہر خان نے کہا کہ اپنی پوزیشن پر سمجھوتے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے، قومی اسمبلی میں اپنی جماعت بنانے کے بجائے کسی پارٹی کو جوائن کرنے کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کونسی ہوگی؟ یہ فیصلہ ایک سے دو دن میں کرلیں گے، جس پارٹی کو جوائن کریں گے، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جسے متنازع بنایا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا جس بھی پارٹی کو ہمارے آزاد ارکان جوائن کریں گے، اُن سے مخصوص نشستیں اپنے لیے لیں گے، اُس پارٹی کو سیٹیں نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو جوائن کرنے کے لیے ان سے نہ اب تک کسی نے رابطہ کیا اور نہ ایسی تجویز زیرِ غور ہے۔
گوہر خان نے پی ٹی آئی کے وسیم قادر کی ن لیگ میں شمولیت پر کہا کہ یہ خدشہ تو پہلے سے تھا کہ کچھ لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ خبر غلط ہے کہ ہم نے وفاداریاں تبدیل کرنے سے روکنے کےلیے کامیاب امیدواروں سے استعفے اور حلف نامے طلب کیے ہیں۔