وفاقی وزیر تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر فیڈرل بی ایریا سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی انجینئر عادل عسکری نے فیڈرل بی ایریا بلاک 6 شاہراہ پاکستان پر واقع گورنمنٹ منیبہ اسکول کا ہنگامی دورہ کیا۔
اس موقع پر اہل محلہ، ایم کیو ایم کے عہدیدار کارکن، کراچی تعلیم بچاؤ کمیٹی کے انیس الرحمان بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی عادل عسکری نے کہا کہ یہاں سے ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اور قومی اسمبلی جیتے ہیں یہاں کسی سرکاری اسکول کو بلڈر مافیا کے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے اسکول ہیڈ ماسٹر اساتذہ اور موقع پر موجود محکمہ ایجوکیشن کے افسران کو کہا کہ ایم کیو ایم غریبوں کے بچوں کے ساتھ ہے اسکول کی منتقلی اور تعلیم روکنے کی کوشش کو ہر قیمت پر ناکام بنا دیں گے۔
عادل عسکری نے کہا ہم منیبہ اسکول کو اور بہتر کریں گے اس کی عمارت کی تزئین و آرائش کریں گے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رہنماؤں کو بتایا گیا کہ گزشتہ 20 برس سے اس قیمتی جگہ پر محکمہ کے کچھ افسران کے ساتھ مل کر قبضے کی کوشش ہورہی ہے مگر اسکول کے بچے اور علاقے کے لوگ اسے ناکام بنا دیتے ہیں۔