اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر حامد عباس لفتا نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے در میان بہترین تعلقات ہیں۔پاکستانی بندرگاہ گوادر اور بصرہ کے درمیان سمندری تجارت کا اجرا کر کے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔عراق زراعت،پیٹرو کیمیکل اور طبی شعبے میں پاکستان سے افرادی قوت حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔دونوں ممالک دفاعی شعبے میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں،عراق نے حال ہی میں پاکستان سے سپر مشاق طیاروں کی خریداری کی ہے۔پاکستان کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلا آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری کی قیادت میں عراق کے سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی۔ عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے جو مشترکہ مذہب،باہمی تعاون اور ایک دوسرے پر سفارتی انحصار پر مشتمل ہے۔ دونوں ممالک ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مکمل ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عراق مضبوط معیشت کے ساتھ بھرپور مواقع کا حامل ملک ہے جس کا سالانہ بجٹ 110 بلین ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور عراق دونوں مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں لیکن تجارتی تعلقات کم ترین سطح پر ہیں جنہیں بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے دونوں اطراف کے چیمبرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔