پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین کے تمام کیسز کو سیاسی قرار دے دیا۔
پشاور میں ججوں سے اظہار یکجہتی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے نکالی گئی ریلی سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا۔
ریلی سے خطاب کرنے والوں میں فیصل جاوید اور شیر افضل مروت بھی شامل تھے جبکہ سیکریٹری جنرل عمر ایوب، اعظم سواتی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدلیہ کی آزادی لازمی ہے، بانی پی ٹی آئی کے سارے کیسز سیاسی ہیں، وہ جلد باہر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پر بنائے گئے سارے کیسز جعلی ہیں۔
اس موقع پر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
دوسری طرف کراچی میں سی ویو پر خرم شیر زمان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔