بھارتی گلوکار، لائیو پرفارمر، کمپوزر، اداکار اور ٹیلی ویژن میزبان شان تانو مکھرجی المعروف شان نے کہا ہے کہ بھارتی موسیقی میں اس وقت تبدیلی کا عمل کا جاری ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران شان کا کہنا تھا کہ اب کسی آرٹسٹ کو شہرت کے لیے کسی فلم پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گلوکار شان نے سن 1990 کے عشرے کے اواخر میں اپنے البم لوو اولوجی اور تنہا دل سے اس وقت شہرت حاصل کی جب وہ انڈی پوپ سین میں شامل ہوئے۔
شان نے کہا کہ موجودہ دور بظاہر ریپرز یا پھر گورو رندھاوا، نیہا ککڑ اور بادشاہ جیسے موسیقاروں کا ہے، جنہوں نے بالی ووڈ میں اپنا برانڈ خود بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اب تو بمشکل ہی کوئی بڑا گلوکار فلم میوزک کے ذریعے سامنے آرہا ہے، انکے مطابق غالباً ارجیت سنگھ اس فہرست کے آخری گائیک ہیں۔
اپنے فلمی گانوں "موسو موسو ہاسی دیو”، "وہ لڑکی ہے کہاں”، "چاند سفارش”، "میں ہوں ڈان” اور "جب سے تیرے نیناں” سے پہچانے جانے والے 51 سالہ شان کا مزید کہنا تھا کہ غیر فلمی نغمے سن کر پرستار مشکل سے بنتے ہیں۔