پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ نے کچھ روز قبل اپنے حقیقی والد امام ربانی سے زندگی میں پہلی ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کی تھیں۔
صاحبہ کی والد سے پہلی ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ کر صارفین تشویش میں مبتلا ہیں کہ آخر ایسا کیا ہوا تھا کہ اداکارہ کی زندگی میں پہلے کبھی اپنے حقیقی والد سے ملاقات ہی نہیں ہوئی۔
اب حال ہی میں صاحبہ کی والدہ، اداکارہ نشو بیگم نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جب میں 7 ماہ کی حاملہ تھی تو میرے سابقہ شوہر امام ربانی کا مجھ سے بہت برا جھگڑا ہوا اور پھر وہ مجھے چھوڑ کر چلے گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے چھوڑ کر جانے کے بعد امام ربانی نے دوسری شادی کرلی اور صاحبہ کی پیدائش کے بعد مجھے طلاق دے دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اور امام ربانی نے طلاق سے قبل صلح کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی کیونکہ ہمارا رشتہ اس وقت جس موڑ پر تھا صلح کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ دراصل، ہمارے گھر والے ہماری شادی کے خلاف تھے اور جھگڑے کی اصل وجہ یہی تھی۔
نشو بیگم نے بتایا کہ مجھے مایوسی اس بات پر ہوئی کہ مرد کو اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ رہنا چاہیے اور خاندانی دباؤ میں آکر اُنہیں چھوڑنا نہیں چاہیے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میری امام ربانی سے شادی ہوئی تو وہ اس وقت کوئی کام نہیں کرتے تھے اور گھر کے اخراجات میں خود اُٹھاتی تھی۔