اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔
اس سے قبل لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کی منسوخی کے لیے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
علی امین گنڈا پور کے وارنٹِ منسوخی کی درخواست وکیل ظہور الحسن نے عدالت میں دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے کبھی جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہ ہونے سے گریز نہیں کیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ علی امین گنڈا پور کے جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔