راولپنڈی: بشام حملے میں ہلاک ہونے والے 5 چینی باشندوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نورخان ایئر بیس پر پھول رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور چیف آف ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے نور خان ایئر بیس پر پھول رکھے گئے۔اس موقع پر دہشت گردی واقعے میں مارے گئے چینی شہریوں کے اعزاز میں 30 سیکنڈ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔تقریب میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناوٴنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔