سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
آج ہونے والے سینیٹ انتخاب میں 59 امیدوار مدِ مقابل ہیں جبکہ 18 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
امیدوار رانا محمود الحسن کے پولنگ ایجنٹ عبدالقادر پٹیل ہیں۔
طارق فضل چوہدری اور عبدالقادر پٹیل نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کے ہال کو سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا، بیلٹ پیپرز اور انتخابی مواد قومی اسمبلی کے ہال میں پہنچایا گیا۔
ممبرانِ قومی اسمبلی کیلئے ہدایت نامہ جاری
سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ممبرانِ قومی اسمبلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بال پوائنٹ کے ذریعے بیلٹ پیپرز پر ترجیحات درج کرنا ہوں گی۔
جاری ہدایت نامے کے مطابق ترجیحی امیدوار کے نام کے سامنے 1 لکھنا ہو گا، دوسرے امیدوار کے سامنے 2 لکھنا ہو گا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ترجیح صرف انگریزی یا اردو میں درج کرنا ہو گی۔
جاری ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ اردو اور انگریزی کو ملا کر لکھنے سے ووٹ مسترد ہو گا۔
ہدایت نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہندسہ 1 ایک سے زائد ناموں کے سامنے درج ہونے سے ووٹ مسترد ہو گا۔
جاری ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی امیدوار کے نام کے سامنے ہندسہ 1 کے ساتھ کوئی دوسرا ہندسہ درج نہ ہو۔
پنجاب: سینیٹ کی 5 نشستوں پر انتخاب، ووٹنگ شروع
پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا۔
پہلا ووٹ بلال یامین نے کاسٹ کیا
پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے لیے پہلا ووٹ ن لیگ کے رکنِ اسمبلی بلال یامین نے کاسٹ کیا۔
کامیابی کیلئے پر امید ہوں: وزیرِ خزانہ
وفاقی وزیرِ خزانہ و سینیٹ کے امیدوار محمد اورنگزیب پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹ انتخاب میں کامیابی کے لیے پر امید ہوں۔
حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب سے سینیٹ کے لیے خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات ہیں۔
پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور اقلیتوں کی 1 نشست پر پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہو رہی ہے۔
خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار ہیں، سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید بھی خواتین کی نشست پر امیدوار ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک خواتین کی نشست سے دستبردار ہو گئی ہیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہیں۔
اقلیتوں کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار خلیل طاہر سندھو، سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا: پولنگ شروع نہ ہو سکی
خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات آج ہوں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے صورتِ حال غیر واضح ہے۔
خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے مقررہ وقت صبح 9 بجے پولنگ شروع نہ ہو سکی۔
خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل ہیں، الیکشن کمیشن کا عملہ بھی موجود ہے
KPK: سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست
اپوزیشن اراکین نے خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنےکے لیے درخواست جمع کرا دی۔
اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دے دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کر لیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مواد پولنگ اسٹیشن پہنچا دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان جو سینیٹ انتخابات میں پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گے وہ صوبائی اسمبلی پہنچ گئے۔
اراکینِ اسمبلی کی خیبر پختون خوا اسمبلی میں آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
1 تبصرہ
Muchas gracias. ?Como puedo iniciar sesion?