پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے جانے پہچانے اداکار فائق خان نے ساتھی فنکار فیروز خان کے حوالے سے اپنی رائے پیش کرکے ہر ایک کی توجہ سمیٹ لی۔
یوں تو فائق خان شاذ و نادر ہی اسکرین پر نظر آتے ہیں تاہم انہوں نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور دوران شو اداکار فیروز خان کے حوالے سے اپنی رائے یپش کرکے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
دوران پروگرام ایک سیگمینٹ میں فائق خان سے چند موجود اور چند سینیئر فنکاروں کے حوالے سے سوال جواب کئے گئے۔
ابتداً اسکرین پر چار اداکاروں فیروز خان، اسامہ خان، وہاج علی اور بلال عباس کی تصاویر دکھائی گئیں اور سوال کیا گیا کہ ان کی اداکاری اور ان کی لُکس کو کس طرح ریٹ کریں گے؟
میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے فائق خان نے فیروز خان کے حوالے سے بات کرنے سے یہ کہتے ہوئے گریز کر دیا کہ میں فیروز خان کو ذاتی طور پر پسند نہیں کرتا اور میں اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا کیونکہ لوگوں کو پتا ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کس قسم کے انسان ہے۔
تاہم انہوں نے اسامہ خان، وہاج علی اور بلال عباس کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
اس کے بعد ان سے سینئر اداکاروں جن میں عدنان صدیقی، فیصل قریشی، ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ شامل ہیں ان کی تصاویر دکھا کر ان کے بارے میں سوالات کئے گئے۔
فائق خان نے میزبان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان چاروں کی اداکاری کے گُر بیان کئے اور ان کا گرویدہ ہونے کا اظہار کیا۔
تاہم میزبان نے ایک بار پھر فائق خان سے ذاتی پسندیدگی و ناپسندیدگی سے بالاتر ہوکر فیروز کی اداکاری کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’میں تو بات ہی نہیں کرنا چاہتا فیروز پر، میں بات ہی نہیں کرنا چاہتا‘۔
خیال رہے کہ فیروز خان ماضی میں اہلیہ سے خراب تعلقات اور گھریلو تشدد کے باعث مختلف تنازعات میں گِھرے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں کئی پروجیکٹس سے بھی ہاتھ دھونا پڑا، جس کا اعتراف انہوں نے ماضی میں خود بھی کیا۔
تاہم ان کے مداحوں نے ان کا ساتھ کبھی نہ چھوڑا اور اب لکس اسٹائل ایوارڈز میں عوام کے پسندیدہ اداکار کے طور پر اعزاز حاصل کرکے اپنے کیرئیر میں ایک بار پھر تیزی سے ابھر رہے ہیں۔