پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار زاویار نعمان کا کہنا ہے کہ اُنہیں اسکرین پر اچھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ زیادہ محسوس ہوتا ہے۔
زاویار نعمان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے دوران ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ’کیا آپ کو نعمان اعجاز کا بیٹا ہونے کی وجہ سے اچھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ محسوس ہوتا ہے؟‘
زاویار نعمان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل، میرے دماغ میں کہیں نہ کہیں یہ بات ہمیشہ رہتی ہے کہ میرے ابو نعمان اعجاز ہیں تو مجھے زیادہ اچھی کارکردگی دکھانی ہے لیکن کام پر دھیان دینے کے لیے اپنے دماغ کو خاموش کروانا پڑتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ کیمرے پر اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے کہ میرے والد کون ہیں بلکہ میرے کام کی اہمیت ہے اس لیے اگر میرا کام اچھا ہوگا تو کوئی بھی کچھ نہیں کہے گا اور نہ ہی پھر مجھ سے کوئی یہ پوچھے گا کہ میرے والد کون ہیں۔