کورین اسٹار، گلوکارہ کرینہ نے نیا رشتہ بنانے پر مداحوں کی جانب سے غصے کا اظہار کیے جانے پر معافی مانگ لی اور دوبارہ سے سنگل ہو گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کو نیا رشتہ بنائے ہوئے ابھی کچھ ہفتے ہی گزرے تھے کہ اُن کے متحرک اور نہایت پرجوش مداحوں نے اُن پر تنقید کرنا شروع کر دی، مداحوں کے منفی تبصروں کے خوف سے کرینہ نے اپنا رشتہ ہی ختم کر ڈالا۔
جنوبی کوریا کی ایک خبر رساں ایجنسی ’یونہاپ‘ کے مطابق گلوکارہ کرینہ اور اداکار لی جے ووڈ کو پانچ ہفتے قبل ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
دوسری جانب اداکار لی کی ایجنسی ’سی جیس اسٹوڈیوز‘ نے اس خبر پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکار نے کام پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے یہ رشتہ ختم کر دیا ہے۔
اس جوڑی کے رومانوی تعلق کی ایجنسیوں نے فروری کے آخر میں تصدیق کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کے پاپ گلوکاروں کی شوبز کی دنیا ایسی ہی ہے جہاں ان ستاروں کو بتوں کی طرح پوجا جاتا ہے، ان فنکاروں کو مداحوں کی جانب سے سخت قسم کی نجی زندگی سے متعلق جانچ پڑتال اور دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ بھی اپنے رومانوی تعلق سے متعلق خبر سامنے آنے پر سخت تنقید کی زد میں آ گئی تھیں۔
مداحوں کا آن لائن سائٹس پر کمنٹ کرتے ہوئے گلوکارہ سے پوچھنا تھا کہ ’کیا آپ کو اپنے مداحوں سے پیار نہیں ملتا؟‘، ‘آپ نے اپنے مداحوں کو دھوکا دینے کا انتخاب کیوں کیا؟‘
کچھ مداحوں کا مطالبہ تھا کہ ’براہ کرم براہ راست معافی مانگیں، بصورت دیگر، آپ کو البم کی فروخت میں کمی اور کنسرٹ کے دوران خالی نشستوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
ان دھمکی آمیز کمنٹس کے کچھ ہی دیر بعد کرینہ نے اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے اپنے حامیوں سے معافی مانگی اور مستقبل میں پختگی کا مظاہرہ کرنے اور محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب بہت سے لوگوں نے کرینہ اور لی کی حمایت کا بھی اظہار کیا تھا، مداحوں کا کہنا تھا کہ ستارے نجی زندگی اور ذاتی تعلقات کے بھی مستحق ہیں، اِنہیں اس حد تک پریشان نہیں کرنا چاہیے۔