وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں سے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک ختم ہوچکی۔
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، وہاں امن و امان اولین ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے آزاد کشمیر میں احتجاجی تحریک ختم ہوچکی، معاملہ حل کرنے پر صدر زرداری اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مظاہروں کے دوران جانی نقصان پر دکھ ہے، اہم ملاقاتوں کےلیے چند روز میں خود مظفرآباد جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے معاملے پر کل تمام اتحادیوں سے بات چیت ہوئی، گزشتہ روز اجلاس میں فوری فیصلے کیے گئے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر وفاقی کابینہ سے بھی گفتگو ہوئی متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ مظاہرین کے مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے، آزاد کشمیر کےلیے 23 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا۔