پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ 9 ماہ سے بانی پی ٹی آئی کی آواز نہیں سامنے آرہی، یہ بانی پی ٹی آئی کی عدالت پیشی میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کو سماعت کےلیے لگا کر ملتوی کر دیا گیا، نکاح عدت والے کیس میں وکیل ہی سماعت کےلیے نہیں پہنچے، اب ان سے درخواست کی گئی ہے کہ نکاح کیس میں پیشی ہو، کل سپریم کورٹ میں نیب کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کا کہا گیا ہے، سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کروائی جا رہی ہے، ہم ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی مذمت کرتے ہیں۔
رؤف حسن نے کہا کہ جسٹس بابر ستار نے کل آڈیو لیکس کیس کی سماعت کی، اس پر انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، کسی بھی تحقیق سے پہلے جسٹس بابر ستار کو جھوٹا قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، بابر ستار کے اوپر کل سوشل میڈیا پر جو مہم چلائی گئی اس سے سب با خبر ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم قانونی طور پر ہی آگے چلیں گے، آئین اور قانون کو ساتھ لے کر آگے چلیں گے۔