انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے اسکریپ ڈیلرز اور کباڑیوں کے خلاف اب تک کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اجلاس میں چوری کے سامان کی خرید و فروخت کرنے والے ڈیلرز اور کباڑیوں کے خلاف ایکشن کا جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی)نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ سرکاری منصوبوں سے چوری کیا جانا والا لوہا اسکریپ ڈیلرز کو فروخت کیا جاتا ہے۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی نے مزید کہا کہ 10 روز میں 79 ملزمان کو گرفتار کیا۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ افسران منشیات مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید اقدامات کریں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ اسکریپ کے کاروبار سے وابستہ افراد کاروباری سرگرمیوں کو قانون کے مطابق یقینی بنائیں۔ اسکریپ کے کاروبارسے وابستہ جرائم پیشہ گروہوں کےخاتمے سے اسٹریٹ کرائم رک سکتا ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ وہ اسکریپ ڈیلرز اور کباڑیوں کے خلاف اب تک کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔