بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار آدیتیہ چوپڑا نے انکشاف کیا ہے بالی ووڈ کے کنگ خان فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ نہیں کرنا چاہتے تھے، شاہ رخ خان ایکشن ہیرو بننا چاہتے تھے۔
فلم ’پٹھان‘ کے ہدایتکار ’اک تھا ٹائیگر‘ کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان درحقیقت ایکشن ہیرو بننا چاہتے تھے، وہ ایکشن ہیرو بننے کا خواب لے کر اس فلم انڈسٹری میں آئے تھے۔
یاد رہے کہ آدیتیہ چوپڑا 21 مئی کو 53 سال کے ہو گئے ہیں، وہ لیجنڈری فلمساز یش چوپڑا کے بیٹے ہیں۔
یش راج فلمز کے انڈسٹری میں 50 سال مکمل ہونے پر پروڈکشن ہاؤس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک نیٹ فلکس سیریز بنائی گئی ہے، 4 قسطوں پر مشتمل ’دی رومینٹکس‘ شو میں آدیتیہ چوپڑا نے شارخ خان اور فلم ڈی ڈی ایل جے سے متعلق بات کی ہے۔
آدیتیہ چوپڑا نے اپنی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان یہ فلم نہیں کرنا چاہتے تھے کیوں کہ اِنہیں ایکشن ہیرو بننا تھا، شاہ رخ خان اُن کے ساتھ ہمیشہ ایکشن فلم اور ہیروز کی بات کرتے تھے، ایسی فلموں کی باتیں جن میں لڑائی ہو، خون نکلے۔
آدیتیہ چوپڑا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کو جب فلم ڈی ڈی ایل جے آفر کی گئی تو اُنہیں اس فلم کی کہانی بہت پسند آئی لیکن وہ یہ کردار نہیں کرنا چاہتے تھے۔
آدیتیہ چوپڑا نے کہا کہ مجھے اس فلم کے لیے شاہ رُخ خان کو منانے کے لیے 2 ماہ کا وقت لگا، میں تقریباً ہر روز شاہ رخ خان کے گھر پہنچ جاتا تھا اور شاہ رُخ خان چاہ کر بھی مجھے انکار نہیں کر پا رہا تھا، میں نے شاہ رُخ خان کو یہ فلم نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ تمہاری آنکھوں میں کچھ ایسا ہے کہ تمہیں ایکشن ہیرو نہیں بننا چاہیے، ان آنکھوں کو صرف ایکشن پر ضائع نہیں کیا جا سکتا۔
آدیتیہ چوپڑا کے مطابق شاہ رخ خان نے اُن کے اصرار پر فلم سائن کرلی اور آج کئی برسوں بعد بھی ’دل والے دلہنیا لے جائیں‘ گے سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
اس فلم نے شاہ رخ خان کو ناصرف شہرت دی بلکہ اُن پر ایک بے مثال رومانٹک ہیرو ہونے کا ٹیگ بھی لگا دیا۔