اسلام آباد ہائیکورٹ میں خفیہ ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کی منظوری کا نوٹیفکیشن چیلنج کردیا گیا۔
پاکستان بار کونسل کے 6 ممبران نے نوٹیفکیشن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کی سیکشن 54 کے تحت جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، فیئر ٹرائل ایکٹ 2013 میں اس حوالے سے مکمل میکنزم دیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ خفیہ ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے، جب تک کیس زیر التواء ہے تب تک نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سیکریٹری آئی ٹی، سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
بارکونسل کے ممبر شفقت محمود چوہان، عابد زبیری، چوہدری اشتیاق، منیر احمد کاکڑ، طاہر فراز عباسی، عابد ساقی بھی درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔