امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے بلوچستان میں موسیٰ خیل میں 23 شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس لرزہ خیزانداز میں شہریوں کو قتل کیا گیا وہ سخت تکلیف دہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت اپنے شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کو کُھلی چُھوٹ ملی ہوئی ہے، بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردوں کا راج ہے، جب جسے چاہے نشانہ بنا لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جبکہ مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی۔