اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور اسٹرٹیجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی بری افواج کے کمانڈر جنرل لی چیاؤ منگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ جنرل لی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک تعلقات ہیں اور دونوں ممالک قابل اعتماد دوست ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے جو دونوں ممالک کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔وزیراعظم نے عسکری سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا ،جنرل لی نے کہا کہ چین آہنی بھائی، سٹریٹجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کی دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے جنرل لی نے دونوں مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پیپلز لبریشن آرمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤں بالخصوص دوطرفہ دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔