بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں 50 گائے بہتی ندی میں پھینکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا میں کچھ افراد کی جانب سے متعدد گائے ایک بہتی ندی میں پھینکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق منگل کو نگود پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہونے والے اس واقعے میں 15 سے 20 گائے کی اموات ہوئیں، تاہم واقعے کی تصدیق ابھی بھی جاری ہے۔
نگود پولیس اسٹیشن کے انچارج اشوک پانڈے نے بتایا کہ "منگل کی شام ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کچھ لوگوں کو بموہر کے قریب ریلوے پل کے نیچے ستنا ندی میں متعدد گائے کو پھینکتے ہوئے دکھایا گیا۔”
انہوں نے کہا کہ "ویڈیو کے نوٹس میں آنے کے بعد ایک پولیس ٹیم کو موقع پر بھیجا گیا تاکہ معلومات اکٹھی کی جا سکیں، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔”
پولیس اسٹیشن انچارج کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق تقریباً 50 گائے ندی میں گرائی گئی تھیں جن میں سے 15 سے 20 کی موت ہو چکی ہے، مزید ریسکیو آپریشن جاری ہے۔