وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر 12ویں کور لیفٹیننٹ جنرل نسیم احمد خان نے لاہور میں شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی قبر پر حاضری دی۔
انہوں نے قبر پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہید کی رہائش گاہ جا کر ان کے والدین اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔
وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر نے شہید کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور بلندی درجات کےلیے دعا کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی قربانی پاک فوج اور پوری قوم کی دہشت گردی کے خلاف ناقابل شکست عزم کی علامت ہے۔
کیپٹن محمد علی 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کےخلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی وطن کا بہادر سپوت ہے، جس کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔