بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن سے پہلی ملاقات کا احوال بیان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں مشہورِ زمانہ کوئیز شو کون بنے گا کروڑپتی کے سیزن 16 کے دوران ایک کنٹسٹنٹ کی فرمائش پر بالی ووڈ اداکار نے حاضرین کو مائیکل جیکسن سے ہونے والی پہلی غیر ارادی ملاقات کا دلچسپ قصہ سنایا۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ میں نیو یارک کے ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا کہ اچانک میرے کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو سامنے مائیکل جیکسن کھڑے تھے، انہیں دیکھ کر میں دنگ رہ گیا۔
سینیئر اداکار نے بتایا کہ یوں اچانک مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھ کر میں بے ہوش ہونے والا تھا لیکن میں نے کسی طرح خود کو سنبھالا اور انہیں خوش آمدید کہا جس پر گلوکار نے سوال کیا کہ کیا وہ کمرہ میرا ہے، جس پر میں نے انہیں تصدیق کی تو انہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی سے غلط کمرے میں آ گئے ہیں۔
امیتابھ بچن نے مزید بتایا کہ گلوکار نے اپنے کمرے میں جانے کے بعد ایک شخص کو میرے پاس بھیجا جس کے کمرے میں وہ غلطی سے آ گئے تھے، یوں ہم دونوں کی ملاقات ہوئی، پھر ہم نے ایک ساتھ بیٹھ کر کافی گفتگو کی، وہ اتنی شہرت کے باوجود بہت عاجز مزاج انسان تھے۔
یاد رہے کہ متعدد بلاک بسٹر گیت دینے والے مائیک جیکسن 25 جون 2009ء کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔